سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ


لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بہن سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پرعدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس امین الدین خان نے اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت ریٹرنگ افسرنے عدالت کے روبرو ریکارڈ پیش کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

سعدیہ عباسی کے وکیل نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ اپیل کنندہ نے ریٹرننگ افسر کے روبرواعتراضات کرنے کے بجائے یہاں اپیل کردی۔

انہوں نے عدالت سے اپیل ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی اور کہا کہ اسے مسترد کردیا جائے۔

اپیل کنندہ کا موقف ہے کہ وزیراعظم کی ہمشیرہ نے کاغذات نامزدگی میں گوشواروں (خلاصہ حساب) کے حقائق چھپائے۔ عدالت سے استدعا کی کہ سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں