عرب اتحاد نے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی خبر من گھڑت قرار دے دی

عرب اتحاد نے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی خبر من گھڑت قرار دے دی

ریاض: عرب اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے فوجی ہوائی اڈے پر ڈرون طیاروں سے کیے جانے والے حملے کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے شاہ خالد فضائی اڈے پرحملے کا دعویٰ قطعی بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا دعویٰ حوثیوں کی مجرمانہ مایوسی کا بین ثبوت ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی نے صبح یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیٰ السریع کے حوالے سے بتایا تھا کہ یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ڈرون قاصف کے ٹو نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیرکے شاہ خالد ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کامیاب حملے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے کیونکہ اس کے ریڈار سسٹم، ہتھیاروں کے گودام اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

شاہ خالد ہوائی اڈہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے عسیر میں واقع ہے اور اس کا شمار اہم ترین فوجی مرکز میں ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں