لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان اپنے نئے باس کو خوش کر کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتیں۔
رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما فردوس عاشق اعوان کے بیان پہ ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ فردوس باجی ووٹ چور سیلیکٹڈ وزیر اعظم کو کیا پتہ کہ آئین اور قانون کیا ہوتا ہے۔ آج بھی نواز شریف کی قیادت میں عدلیہ بحالی تحریک کی گونج سُنائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں عدلیہ بحالی تحریک پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔ فردوس عاشق بتائیں کہ رات کے اندھیروں میں اعلیٰ عدلیہ کے معزز جج صاحبان کے خلاف ریفرنس بنانا سیلیکٹڈ حکومت کی بد نیتی ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ٰحکومت گرانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں، رانا ثناءاللہ کا ایک بار پھر دعویٰ
انہوں نے فردوس عاشق اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ، سول نافرمانی کی کال اور ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوانے کی مہم قوم کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے جبکہ مار دو، گرا دو، جلا دو، او آئی جی ، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ دو کے نعروں کی گونج آج تک ڈی چوک میں زندہ ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق نے کہا تھا کہ نون لیگی متوالوں کا سپریم کورٹ پر حملہ تاریخ کا سیاہ ترین اور شرم ناک واقعہ ہے اور عدلیہ کی تضحیک میں ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کی مہم قوم کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے۔ نون لیگی کسے بے وقوف بنا رہے ہیں ؟
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کا ہمیشہ سے ہراول دستہ رہی اور رہے گی جبکہ مسلم لیگ نون اداروں اور قانون کا احترام اپنی منشا اور سہولت کے مطابق کرتی ہے۔