بیجنگ : وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری ( سی پیک) دونوں ملکوں کے لیے خوشحالی کا منصوبہ ہے۔اس منصوبے کے تحت نہ صرف ہائی ویز تعمیر کررہے ہیں بلکہ ریلوے کوبھی جدید بنارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ چین کے تعاون سے توانائی کے منصوبے،بندرگاہیں اورخصوصی اقتصادی زونزبھی قائم کیے جارہے ہیں۔
گول میز کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وہ چینی صدر اور ان کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ چین کی 70 ویں سالگرہ پرچینی صدر اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے۔چین نے پائیدار ترقی سے معاشرے کو تبدیل کردیاہے۔ یہ تبدیلی چینی قیادت کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا بیلٹ اینڈروڈ فورم سے رکاوٹیں دور ہوں گی خطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے معیشت کو ترقی ملے گی۔نئی بندرگاہ خطوں کو آپس میں جوڑے گی۔
یہ بھی پڑھیے:ہمیں اپنی سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولنا ہو گا، چینی صدر
وزیراعٖظم پاکستان نے کہا کہ گوادر بندرگاہ چینی کمپنیوں کےلیے لاگت کم کرے گی۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان سے قبل چین کے صدر شی جن پنگ نے گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولنا ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم مشترکہ جدوجہد سے ہی لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنا سکتے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں بہتری اورصنعتی ترقی کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بیلٹ اینڈ روڈ فورم فار انٹرنیشنل کوآپریشن کے تحت گول میز کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان بھی دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل ڈائیلاگ میں شریک ہیں۔
راؤنڈ ٹیبل میں چین ، روس ، مصر ، ملائشیا اور دیگر ملکوں کے سربراہان شریک ہیں۔