شیخوپورہ: گوجرانوالہ روڑ نزد بنگلہ ذیلداراں خانقاہ ڈوگراں میں مکان کی چھت گرنے سے ماں باپ اور ان کی ایک بیٹی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اسپتال میں زیرعلاج متاثرہ خاندان کی تین بچیوں کی حالت بھی تشویشنا ک بتائی جارہی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ملبے تلے دب گئے تھے جنہیں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے نکال کر فوری طورپر اسپتال منتقل کیا تھا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بچی سمیت اس کے والدین جاں بحق ہوگئے۔
جان کی بازی ہارنے والوں میں گھر کا سربراہ حبیب، اس کی اہلیہ اوراس کی ایک بیٹی شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے خانقاہ ڈوگراں سے جائے وقوعہ پہ پہنچ کر حبیب اور اس کی اہلیہ سمیت چار بچیوں کو اسپتال پہنچایا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زیرعلاج تینوں بچیوں کی حالت تشویشناک ہے لیکن ڈاکٹر ان کی جان بچانے کے لیے تمام تر ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔
ایک ہی خاندان میں ہونے والی اچانک اموات سے علاقے میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور محلے داروں سمیت متاثرہ خاندان کے عزیز و اقارب پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔