بلاول بچہ ہے ،مجھ سے بچ کر کھیلے، شیخ رشید



کراچی : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بچہ ہے وہ مجھ سے بچ کر کھیلے۔ شیخ رشید نے کہا لوگ اور انکے درمیان بیچ بچاؤ کرارہے ہیں۔میں نے ایک بار پھربلاول کو معاف کیا۔وفاقی وزیرریلوے شیخ رشیداحمد کینٹ ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا میں دوسری بارریلوے کی وزارت جبکہ مجموعی طورپر8بار وزیر رہا ہوں۔ مجھےڈر ہےکہ بلاول کپڑےپھاڑکرتھانےایف آئی آر درج کرانےنہ چلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے رنگ پسٹن اور پلگ گھس چکے ہیں۔ زرداری نے اب بلاول کو آگے کردیا ہے۔شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرکے کہا کہ ’’زرداری سے باز آجا یہ بہت بڑا پھڈے باز ہے‘‘۔ زرداری نے  8سالوں تک بے نظیر کا کیس نہیں چلایا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تھر میں ٹرین کو لے جارہے ہیں،کے پی ٹی کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔کے سی آر پر کمرشل زمینیں خالی کرالی ہیں۔ شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا کہ ابھی تک سندھ حکومت نے پیپر ورک نہیں کیا،سندھ حکومت ہمارے ساتھ آکر بیٹھے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل شیخ رشید اور بلاول بھٹوکے درمیان لفظوں کی جنگ چلتی رہی ہے ۔ شیخ رشید اس سے قبل بھی بلاول بھٹو کو معافی دینے کا بیان دے چکے ہیں۔ شیخ رشید نےگزشتہ ماہ  کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کہا کہ معاف کرنے میں عظمت ہے لہٰذا میں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو کو معاف کر دیا ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے متعلق جو باتیں کہ چکا ہوں اس پر قائم ہوں، تاہم ان سے میری صلح ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:شیخ رشید نے بلاول بھٹو کو معاف کر دیا

یہ بھی پڑھیے:شیخ رشید سے متعلق بیان پر بلاول بھٹوکی معذرت

واضح رہے کہ  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ اب جب بھی شیخ رشید کا ذکر ہو گا تو ہم کہیں کہ شیخ رشید پنڈی کا شیطان ہے اور آپ مجھے سے راولپنڈی کی گٹر لائن کے بارے میں پوچھیں لیکن اس انسان کے بارے میں نہیں پوچھیں۔

برطانیہ میں مقیم خاتون صحافی شمع جونیجو نے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو ایسی زبان استعمال کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔ آپ آکسفورڈ کے گریجویٹ ہو اور آپ کے دادا اور والدین ملک کے وزیر اعظم اور صدر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے شمع جونیجو کے ٹویٹ کے جواب میں شیخ رشید کے بارے میں دیے گئے بیان پر معذرت کر لی تھی

بلاول بھٹو کی معذرت کے باوجود وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں بلو رانی کی فنی خرابی سے باخبر ہوں اور ان کی باتوں کا جواب پانچ تاریخ کو شکر گڑھ میں دوں گا۔ وہ اپنے والد کے اشارے پر چل نکلے ہیں۔

ادھر سیکریٹری جنرل پی پی پی پنجاب چودھری منظور احمد نے بلاول بھٹو سے متعلق شیخ رشید کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو آخری وارننگ جاری کر رہے ہیں، جیالے بے قابو ہو گئے تو شیخ رشید کے سر پر وگ رہے گی  نہ جسم پر کپڑے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی چیئرمن بلاول بھٹو کے متعلق بدکلامی برداشت سے باہر ہو گئی ہے، ان کی بدکلامی کہ وجہ سے کارکنوں میں اشتعال بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو صبر اور تحمل کی اپیل کرتے ہیں کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں، ہم  سیاسی ماحول خراب نہی کرنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جیسے لوگ  اشتعال سے سیاست کو بدنام کر کے اپنے آقائوں کو خوش کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں