پی ایس ایل میچ کراچی منتقل ہونے پر لاہوریوں کی رائے



لاہور: پاکستان سپر لیگ4 کے تین میچ لاہور سے کراچی منتقل ہونے پر لاہوریوں کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔

لاہوریوں کی پی ایس ایل کے سپر ٹاکرے دیکھنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکی جس پر زندہ دلان افسردہ ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی بھی اپنا شہر ہے پی ایس ایل کے مقابلے جہاں بھی ہوں وہ خوش ہیں۔

شائقین نے ہم  نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے ہماری خواہش تھی لاہور میں میچ ہوں اور ہم میدان میں جاکر اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے تمام میچ کراچی منتقل

کراچی میں پی ایس ایل کیلئے سیکیورٹی پلان تیار

شہریوں نے کہا کہ ہم نے پانچ  سو والی ٹکٹ 2 ہزار میں خریدی اور اہل خانہ کے ساتھ میچ دیکھنا چاہتے تھے لیکن ملکی حالات کے سبب ایسا نہیں ہوسکا۔

کرکٹ کے شائقین کا کہنا تھا کہ میچ لاہور سے منتقل ہونے کے باوجود ہمارا جنون برقرار ہے اور ہم کراچی جاکر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پی ایس ایل4 کے لاہور میں ہونے والے تین میچ کراچی منتقل کردیے ہیں۔ میچ کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کے تاخیر سے آغاز کے سبب کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تمام میچ کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ تمام فرنچائزز اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ جن شائقین نے لاہور میں میچز کے ٹکٹس خریدے تھے وہ اسی قیمت پر واپس کر کے اپنے پیسے لے سکتے ہیں جس کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کب شروع ہوگی اس کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے 80 سےزائد ہائی ریزولوشن کیمرے منسلک کیے گئے ہیں۔

کنٹرول روم سے منسلک کیمرے اندھیرے میں رکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کراچی میں پی ایس ایل 4 کیلئے ٹریفک پلان اور سیکیورٹی پلان مرتب کرلیے گئے ہیں۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2