لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن مقدمے میں نامزد سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سمیت سابق وزرا اور پولیس اہلکاروں کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس ضمن میں جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے علاوہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف ،سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید،سابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اور سابق صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ کو 25 فروری بروز پیر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
جے آئی ٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے سلسلے میں 28 پولیس اہلکاروں کو بھی 25 فروری طلب کر رکھا ہے جبکہ5ایس پیز،2انسپکٹروں اور ایک ایس آئی 26 فروری کو جے آٓئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامز سیاسی شخصیات کی مسلسل عدم پیشی کے باعث تاحال جے آئی ٹی رپورٹ مکمل نہیں ہو سکی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں گزشتہ سال 2018 دسمبر میں چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کی تھی جس کے بعد نئی جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا گیا تھا۔ نئی جے آئی ٹی نے سابق وزیر قانون کو پیر کے روز طلب کیا تھا۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔