اسلام آباد: معروف کاروباری شخصیت اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین احسان مانی یو اے ای میں پی ایس ایل میچز کے لیے اس کرکٹ فین کو مفت داخلے کی اجازت دیں جو پاکستانی پرچم تھام کر اسٹیڈیم پہنچے۔
پی سی بی چیرمین احسان مانی سے درخواست ہے کہ یواے ای میں پی ایس ایل میچز کے دوران اس کرکٹ فین کی انٹری فری قرار دی جائے جو پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ?? تھامے اسٹیڈیم پہنچے۔ دیار غیر میں بسنے والے محب وطن پاکستانیوں کا حوصلہ بلند اور سبز ہلالی پرچم ?? فضاوں میں لہراتا رہے گا۔
— Javed Afridi جاوید آفریدی (@JAfridi10) February 14, 2019
انہوں نے یہ اپیل اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو بیرون ملک محب وطن پاکستانیوں کا حوصلہ بلند ہوگا۔
جاوید آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم نیوز کے ساتھ اشتراک سے گراس روٹ پرموجود کرکٹ فینز سے رابطہ ہوگا۔ پی ایس ایل کی بڑی فرنچائز پشاور زلمی کا میڈیا کے بڑے گروپ ہم نیٹ ورک سے جڑنا دونوں انڈسٹریوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ دونوں کے اتحاد سے عوام کو تفریح کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔