پشاور زلمی، محبتوں اور مسکراہٹوں کا سفر



پشاور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے زیادہ  پسند کی جانے والی فرنچائز جس کے چاہنے والے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی بستے ہیں، پشاور زلمئی نے جہاں کرکٹ کے میدانوں میں کامیابیاں بٹوری وہیں کرکٹ کے فروغ کے لئے پاکستان اور بیرون ملک ان کی خدمات بے مثال ہیں۔

پشاور زلمئی کی کامیابیوں کا تمغہ جاوید آفریدی کے سر جاتا ہے جنہوں نے اس کھیل میں محض دلچسپی نہیں دکھائی بلکہ عملی اقدامات کر کے لوگوں کے لیے ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

پشاور زلمئی نے پورے ملک میں کرکٹ کو گراس روٹ لیول تک اسپانسر کیا اور نہ صرف کلب کرکٹ بلکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مدرسہ کرکٹ کا بھی آغاز کیا۔

اسی تناظر میں پشاور زلمئی کے مالک جاوید آفریدی نے ’پشاور زلمئی ۔۔۔ محبتوں اور مسکراہٹوں کا سفر‘ کے نام ایک ولولہ انگیز ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔

جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پشاورزلمئی پاکستان میں امن و آشتی کے راہگذر ڈھونڈنے اور اپنے وطن سے وفاؤں کے عزم کا سفر کا نام ہے۔ پشاور زلمئی جذبوں اور ولولوں کو حقیقت کا روپ دینے کی ایک خوبصورت جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاورزلمئی قوم و ملک کے نوجوانوں کو مستقبل کا قیمتی اثاثہ بنانے کا پختہ ارادہ رکھتی ہےجس کا آغاز ہم نے پی ایس ایل جیسے بڑے پلیٹ فارم سے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور چئیرمین پشاور زلمئی کھیل کے میدانوں سے امن و محبت کا یہ سفر میرے جذبوں کی عکاس اور مستقبل کے ہزاروں امیدوں اور خواہشوں کا مظہر تھی مگر عین اسی وقت یہ سفر بے شمار چیلنجز اور سوال لے کر میدانِ عمل میں مجھے مسلسل جدوجہد کا درس بھی دے رہی تھی۔

جاوید آفریدی نے پشاور زلمی کے اب تک کے کامیاب سفر میں ان کا ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عزم و ارادوں کے اس سفر پر ایک طرف میں پشاور زلمئی کے تمام کارکنوں کا جنہوں نے دن رات ایک کرکے اس مشن کو سینے سے لگا کر کامیاب بنایا، تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں مگر ساتھ ہی ساتھ پوری قوم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنکی محبتوں اور پیار نے پشاور زلمئی کو آج ملک کا سب سے بڑا اور محبوب برانڈ بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مسلسل سپورٹ اور کارکنوں کی ان تھک محنت ہی کا نتیجہ ہے کہ تین سال کے قلیل عرصے میں ہم نے پشاور زلمئی کو ایک تناور درخت بنا دیا ہے۔جہاں پشاور زلمئی فاؤنڈیشن، پشاور زلمئی مدرسہ لیگ اور پشاور زلمئی اسکول لیگ جیسے کئی شاخیں اپنی اپنی راہوں پر چل پڑی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے پشاور زلمی اور اپنے نوجوان کارکنوں پر جن کی شبانہ روز محنت اور جدوجہد سے ہم نے کے پی کے میں 100 بچوں کے پروگرام کو عملی جامہ پہنا دیا ہے۔ جہاں پر کھیل کر ہمارے نوجوان بہتر طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

 

 


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2