راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا بڑا کردار ہے۔
ہم نیوز کے مطابق میجرجنرل آصف غفور نے سابق ویسٹ انڈین کپتان سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔ پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کی پاکستان آمد اور پاکستانیوں سے محبت کے جذبے کو سراہتےہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ڈیرن سیمی کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستانی قوم بھی ڈیرن سیمی کی قدر کرتی ہے۔
ڈیرن سیمی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستانی عوام سے ہمیشہ بے پناہ محبت ملی، امید ہے اس بار تمام انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے پاکستان آئیں گے۔
واضح رہے پشاور زلمی کی کٹ لانچنگ تقریب میں شرکت کے لئے ڈیرن سیمی دو روز قبل پاکستان تشریف لائے تھے۔
ڈیرن سیمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے بعد پشاور جا رہے ہیں اور انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے۔