چینی قونصلیٹ حملہ،مرکزی ملزم شارجہ سے گرفتار


کراچی :چینی  قونصل خانے پر حملے میں ملوث مرکزی ملزم راشد بلوچ کو شارجہ سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ کے مطابق چینی قونصل خانے پرحملےکے مرکزی ملزم راشد بلوچ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے شارجہ میں گرفتار کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم راشد بلوچ نے حملے کے لیے نو لاکھ روپے کی رقم دہشت گردوں میں تقسیم کی جبکہ چینی قونصل خانے پرحملے کےوقت ملزم خود بھی وہاں موجودتھا۔

خیال رہے سيکيورٹی فورسز کو چائنیز قونصلیٹ حملہ کیس میں اُس وقت بڑی کاميابی ملی جب کراچی، حب، خضدار اور کوئٹہ سے پانچ سہولت کار وں کوگرفتار کیاگیا۔

بتایا گیا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کي منصوبندی افغانستان ميں اسلم اچھو اور بشيرزيب نے کی جبکہ منصوبہ بندی کے لئے بھارتی خفيہ ايجنسی کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی مدد کی گئی ۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ کے مطابق ملزم راشد بلوچ سےشارجہ میں تحقیقات جاری ہیں جسے جلد پاکستان لایا جائےگا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں  موجود چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔

واقعہ میں قونصلیٹ میں ویزہ لینے کے لیے آنے والے باپ بیٹا بھی شہید ہو گئے تھے۔

قونصل خانے پر حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ پاک چین معاشی اور تزویراتی تعلقات کے خلاف سازش ہے اور ایسے واقعات پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔

 


متعلقہ خبریں