لاہور: نیپال کی 15 رکنی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم سمیت 22 رکنی وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے عہدیداروں نے واہگہ بارڈز پر نیپالی ٹیم کا استقبال کیا۔ نیپالی ٹیم دس روز تک پاکستان میں موجود رہے گی۔
نیپال کی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان میں پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ پہلا میچ 29 جنوری کو کنیرڈ کالج میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی 31 جنوری اور یکم فروری کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
نیپال اور پاکستان کی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ تین فروری اور پانچواں میچ چار فروری کو اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جب کہ پانچ فروری کو نیپال ٹیم براستہ واہگہ بارڈر واپس روانہ ہو جائے گی۔
پاکستان ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان رابعہ شہزادی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیپال کی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے سیریز جیتنے کے لیے اچھی تیاری کر رکھی ہے تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
اس موقع پر نیپال بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین میجر پاون نے کہا کہ پاکستان اور نیپال بہت اچھے دوست ہیں جب کہ پاکستان کی جانب سے شاندار استقبال پر انتہائی مشکور ہیں۔
چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ نے کہا کہ نیپال کی ٹیم کے مشکور ہیں کہ انہوں ںے ہماری دعوت قبول کی۔ پہلی بار انٹرنیشنل بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی سیریز ہونے جا رہی ہے جب کہ مستقبل میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی بھی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے ساتھ میچزز کھیلے جائیں گے۔