اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے 14 رکنی قومی ٹیم کے اسکواڈ اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے۔
اسکواڈ میں موجود دیگر کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم ، شعیب ملک، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، محمد حسن علی، عماد وسیم اور فہیم اشرف کے نام شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری، دوسرا میچ تین فروری اور تیسرا میچ چھ فروری کو کھیلا جائے گا۔ میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوں گے۔
واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ون ڈے سیریز جاری ہے جس میں پروٹیزکو 1-2 کی برتری حاصل ہے، سیریز میں مزید دو میچز باقی ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ قومی ٹیم پر نظر دوڑائیں تو بابر اعظم جو کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، نے ٹیسٹ سیریز اور اب ون ڈے سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
امید کی جا رہی ہے کہ نوجوان بلے باز اپنی فارم کا تسلسل مختصر طرز کی کرکٹ میں بھی جاری رکھیں گے، آئی سی سی کی بولرز کی رینکنگ میں آل راؤنڈر شاداب خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پروٹیز کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہو گا۔ جنوبی افریقہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔ پروٹیز کو کپتان فاف ڈوپلسی، تجربہ کار بیٹسمن ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیوڈ ملر کی خدمات حاصل ہوں گی۔