لاہور: پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے لاہور میں الیکٹرانک چالان (ای چالان) پراجیکٹ کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 4لاکھ سے زائد ای چالان جاری ہوئے اور ای چالان کی مد میں55 ملین سے زائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع ہوا۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ریڈسگنل کی خلاف ورزی پر ساڑھے تین لاکھ سے زائد چالان کیے گئے، اوورسپیڈنگ پرایک ماہ میں 50 ہزار سے زائد چالان بھجوائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ون وے اور لین کی خلاف ورزی پر دس ہزار سے زائد ای چالان گھروں میں بھجوائے گئے۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق الیکٹرانک چالان نادہندگان کے خلاف بھی مختلف آپریشن کیے گئے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چالان جمع نہ کروانے والی 147 گاڑیاں پکڑی گئیں۔
نادہندگان نے پکڑے جانے پر1987 چالانوں کی مد میں دس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے ستمبر کے اواخر میں لاہور ای چالان کا اجرا کیا تھا جس کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان گھر بھیجا جاتا ہے۔
نئے نظام کے تحت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی صوبائی دارالحکومت میں نصب کیمروں کی مدد سے ٹریفک کو مانیٹر کرتی ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈراِئیورز کا چالان کیا جاتا ہے۔
نئے نظام کے تحت ہونے والا چالان 10 روز میں ادا کرنا لازم ہے، عدم ادائیگی کی صورت میں جرمانے کی رقم دوگنی کر دی جاتی ہے، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ’پرووینشل موٹر وہیل آرڈیننس 1965‘ کے تحت پولیس گاڑی کو قبضہ میں بھی لے سکتی ہے۔