لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مقررہ معیار پر پورا اترنے والی آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کے خلاف مہم شروع کر دی۔ غیر معیار آئس کریم برانڈز کو مارکیٹ سے ہٹوانا شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر غیر معیاری آئس کریم کو دکانوں سے ہٹوا دیا جس میں معروف برانڈ گورمے کی آئسکریم بھی شامل ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق گورمے فوڈز کی دس آؤٹ لیٹس سے تین ہزار 52 لیٹر ڈیزرٹس اور آئسکریم ہٹوا دی گئی ہیں۔ جن علاقوں میں غیر معیاری آئس کریم کے خلاف کارروائی کی گئی ان میں عمر چوک، ٹاؤن شپ، شمع سینما، سمن آباد، راجہ مارکیٹ، ایوبیہ، جی ون، جگاور چوک جوہر ٹاؤن، شاد مان اور ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی شامل ہیں۔
چمن آئسکریم کی چار شاخوں پر موجود پانچ ہزار 578 لیٹر آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کا اسٹاک سیل کیا گیا ہے جب کہ مال روڈ، کریم بلاک، فیصل ٹاؤن اور داروغہ والا آؤٹ لیٹس پر بھی کارروائی کی گئی ہے۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق مختلف برانڈز کے 47 سیمپلز مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر فیل ہوئے تھے۔ جن میں چمن آئسکریم اور گورمے کی پراڈکٹس شامل تھیں اور یہ فیل ہونے والے برانڈز انسانی استعمال کے لیے مضر قرار پائے گئے تھے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیل شدہ برانڈز اور ان کے فلیورز کو مکمل طور پر ہٹانے تک کارروائی جاری رہی گی اور فیل ہونے والی پراڈکٹس کی پروڈکشن بھی اصلاح ہونے تک بند کر دی گئی ہے۔ معیار بہتر ہونے کے بعد دوبارہ سیمپل لے کر ٹیسٹ کیے جائیں گے اور پھر ان برانڈز کی آئس کریم کو مارکیٹ میں لانے کی اجازت دی جائے گی۔