راولپنڈی: دہشت گردوں نے دو مختلف واقعات میں پولیس اہلکاروں سمیت سرکاری ملازم کو گولیاں ماردیں اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق تھانہ بنی کی حدود میں واقع سید پور روڈ موٹرسائیکل پہ سوار دو مسلح ملزمان نے پولیس ناکے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ ملزمان موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا مگر ہیڈ کانسٹیبل حارث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
فائرنگ کے واقع میں شدید زخمی ہونے والے دوسرے پولیس اہلکار کانسٹیبل واجد کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ہم نیوز نے پولیس ذرائع سے بتایا ہے کہ واقع دہشت گردی کی واردات لگتا ہے۔
واقع کے عینی شاہدین میں سے کچھ نے پولیس کو بتایا ہے کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی تھی۔
ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی میں پیش آنے والے دوسرے واقع میں ملزمان نے 27 سالہ مبشر کو گھر سے باہر بلا کر گولی ماردی اور فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کوٹلی ستیاں کے علاقہ ڈھانڈہ میں پیش آنے والا واقع مخالفین کی کارروائی ہے جو فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ سے شدید زخمی مبشر کو تشویشناک حالت میں بے نظیربھٹو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر اسے طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبشر محکمہ زراعت کا ملازم بتایا جاتا ہے۔
