کراچی میں مقامی عدالت نے غلط ای چالان کے خلاف دائر درخواست پر شہری کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد کیس نمٹا دیا اور ٹریفک پولیس کو آئندہ احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کردی۔
کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت میں شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27 فروری کو صدر کے علاقے میں غلط پارکنگ کے الزام میں اس پر 10 ہزار روپے کا ای چالان عائد کیا گیا، حالانکہ اس نے گاڑی پارک نہیں کی تھی بلکہ محض ایک منٹ سے بھی کم وقت کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی غرض سے روکی تھی۔
صارفین کیلئے بڑی خوشخبری ، واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کرا دیا
شہری کے مطابق جس مقام پر چالان کیا گیا وہاں غیر قانونی موٹر سائیکلیں کھڑی رہتی ہیں، مگر ٹریفک پولیس تجاوزات کے خاتمے کے بجائے مخصوص افراد کو نشانہ بناتی ہے، ای چالان کے خلاف ریویو کمیٹی میں درخواست دی گئی، تاہم ابتدائی طور پر شکایت مسترد کردی گئی۔
سماعت کے دوران ٹریفک پولیس کی رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریویو کمیٹی نے بعد ازاں شہری کی شکایت تسلیم کرتے ہوئے چالان منسوخ کردیا ہے اور معاملے کا ازسرنو جائزہ لیا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ کمیٹی درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، لہٰذا مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ ای چالان جاری کرتے وقت مکمل احتیاط برتی جائے تاکہ شہریوں کو بلاجواز مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
