نصیر آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی میں نوجوان شامل ہو رہے ہیں اور اپنے بزرگوں کے ساتھ ملک کر ہم آگے بڑھیں گے۔ میرے اور نصیر آباد کے عوام کا تعلق 3 نسلوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہید بے نظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنا ہے اور قائد عوام نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی۔ قائد عوام نے غریب کسانوں میں زرعی زمین تقسیم کی اور نصیر آباد میں 5 لاکھ زرعی اراضی غریبوں میں مفت تقسیم کی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ سوچ رہی ہے کہ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہوں اور ہم عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم مل کر کام کریں گے ایک ہوکر حق کیلئے جدوجہد کریں گے۔ ہم کسی سے بھیک نہیں مانگتے بلکہ حق مانگتے ہیں اور ہم اپنا حق چھیننا بھی جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 73 کا آئین ریاست اور عوام کے درمیان معاہدہ ہے اور آئین کے مطابق ہر شہری اور صوبے کا اپنا اپنا حق ہے۔ شہید بی بی کا خواب تھا کہ اس علاقے کے عوام ترقی کریں لیکن افسوس ہے آج تک یہ خواب پورا نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری، شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے، شہباز گل
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ آپ کو کسی کارڈ کی ضرورت نہ پڑے۔ نصیر آباد کے عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے غربت بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور آج صورتحال یہ ہے کہ چھین رہا ہے کپتان روٹی، کپڑا اور مکان۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے آپ کی خوراک، چینی پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور پورے ملک میں بلوچستان کے عوام کی طرح کوئی بہادر نہیں ہے۔ بلوچستان کے عوام کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں اور جس طرح آپ نے دکھ دیکھا ہے میں نے بھی ایسے ہی دکھ دیکھے ہیں۔ میرے نانا کو پھانسی کے گھاٹ تک پہنچایا گیا، شہید بی بی کے ایک بھائی کو زہر دے کر شہید کیا گیا اور دوسرے کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی نے جمہوریت بہترین انتقام اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور شہید بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا تو ہم نے بھی کہا کہ پاکستان زندہ باد۔ آج دہشتگر پھر سر اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور بہادر ہیں اور یہاں کے عوام اپنے ملک کے لیے جدوجہد کرنا چاہتے ہیں۔ میں بھی آپ کی طرح جوان ہوں آپ کی طرح ناراض ہوں۔ میں نے بھی بہت مشکلات دیکھی ہیں لیکن ہمارے مسائل کا حل جمہوریت اور جمہوری جدوجہد ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 5 بنیادی اصول ہیں۔ اسلام ہمارا دین اور جمہوریت ہماری سیاست ہے۔ مساوات ہماری معیشت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہے جبکہ شہادت ہماری منزل ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آپ کے گھبرانے کا وقت آچکا ہے اور 27 فروری کو نصیر آباد کے عوام سکھر میں ملیں گے۔
