راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ وزارت کی وجہ سے نہیں بلکہ ایمانداری کی وجہ سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے راولپنڈی میں تعلیم اداروں پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے، یہ بہادروں کا شہر ہے بزدلوں کے لیڈر نہیں ہیں۔ ملک کا بچہ بچہ اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر کرتا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح گرے گی اور پیپلز پارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔ یہ سب اکھٹے مل کر بھی آئیں تو ان کی سیاست کے خاتمے کے دن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ لے کر ملک سے بھاگنے والا نہیں ہوں بلکہ میں اڈیالہ جیل میں جانے کو ترجیح دوں گا لیکن ملک سے فرار نہیں ہوں گا۔ سارے گندے انڈے مل کر آئیں، سب کو ٹھوکر دے کر ماریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں مسائل ضرور ہیں،عمرا ن خان چین میں ہیں اور معاملات حل کریں گے۔ 4 ماہ سے ایک ہی نعرہ ہے کہ وہ آ رہا ہے وہ جا رہا ہے۔ جیل کاٹنا مشکل نہیں اب تو وہاں بھی وسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں ملک میں بہتری آئے۔ بھارت میں مسلمانوں پر کیا گزر رہی ہے۔ صرف کشمیر کا مسلمان پاکستان کی طرف نہیں دیکھ رہا بلکہ بھارتی مسلمان بھی دیکھ رہا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو زیر کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور افغان طالبان کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ افغان طالبان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔
