اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔
جے پرکاش نے جمعہ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بعد 4 بجے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر گئی، 2067 افراد جاں بحق
ذرائع ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے ہفتے کی رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی۔
ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق شاہ محمود قریشی کے اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
دعوت میں رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان نے بھی شرکت کی، رکن اسمبلی لعل چاند نے جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 38 ہزار 903 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 38 ہزار 108، خیبرپختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، اسلام آباد میں 5 ہزار 329، آزادکشمیر میں 396 اور گلگت بلتستان میں 932 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 715 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 650، خیبر پختونخوا میں 575، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
