اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے اٹلی میں کورونا سے جان بحق ہونے والے پہلے پاکستانی کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی کا نام امتیاز احمد تھا۔ 61 سالہ امتیاز احمد کا انتقال بدقسمتی سے کورونا وائرس سے ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امتیاز احمد میلان سے 100 میل دور بریسیا میں جاں بحق ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق اٹلی میں پاکستانی قونصلیٹ اس حوالے سے متاثرہ خاندان اور اطالوی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا: حکومت سندھ کا وفاق سے کراچی ایئر پورٹ پر قرنطینہ قائم کرنے کا مطالبہ
اس سے قبل کوئٹہ میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آگیا تھا، جس کی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بارہ سال کا بچہ متاثر ہوا ہے جس کو فاطمہ جناح اسپتال میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کے اہل خانہ کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں تاہم بچے کو آئسولیشن روم منتقل کر دیا گیا ہے۔
