ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ لٹیروں کو جیل جانا ہو گا یا لوٹی ہوئی رقم واپس کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔
ملتان میں عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ نے کہا کہ لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے لیکن ہم عوام میں سے ہیں اور عوام میں ہی رہیں گے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/149190/” position =”right”]
مخدوم شاہ محمود قریشی نے سانحہ کوئٹہ پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے نیشل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی اجازت سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی یکجہتی کے لیے اپوزیشن کو خطوط لکھے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف معیشت کی مضبوطی کےلیے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور غربت کے خاتمے کے لیے مربوط نظام وضع کیا جارہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پی پی 218 کے انتخابات میں تحریک انصاف نے پی پی اور (ن) لیگ کے مشترکہ امیدوار کو شکست دی ہے اور اس بات کا مظہر ہے کہ عوام ہم پر اعتماد کرتے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ عوام 2023 کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو واضح اکثریت سے ایوانوں میں بھیجیں گے۔
