کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے لوگ الزام لگانے سے پہلے یہ نہیں دیکھتے کہ ٹاؤن کس کا ہے اور یوسی کس چیئرمین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے افسوس ناک واقعہ کی وجہ سے آج کے سٹی کونسل اجلاس کو مختصر رکھا گیا ہے، ہماری یہ کوشش تھی کہ آج کے کونسل کے اجلاس میں اسی واقعہ سے متعلق گفتگو کی جائے۔
قانون ساز کونسل ہونے کے ناطے ہم معاملات کو حل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں مگر جماعت اسلامی کے دوست تعمیری سیاست پر یقین نہیں رکھتے صرف اور صرف تنقید کی سیاست کرتے ہیں۔
دوسری جانب میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عملے کی کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے بیچ ڈپارٹمنٹل اسٹور اور اسپتال کے قریب مین ہول کیسے کھلا تھا، مین ہول کتنے دن سے کھلا تھا، یا کھولا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ رات گئے مشینری کیوں نہیں دی گئی اس پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین ہول میں گرنے والے بچے کے والدین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
کراچی، گلشن اقبال کے مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد مل گئی
انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچے کے والدین سے اظہاری ہمدردی کرتا ہوں اور ان سے مکمل تعاون کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ شہر میں ہر واقعہ پر سیاست کی جاتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نجی شاپنگ مال کے سامنے بچہ مین ہول میں گرا، تحقیقات کرا رہے ہیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکال کر شفاف انکوائری کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ جہاں انتظامیہ کی کوتاہی سامنے آئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بچہ گرا وہ بظاہر مین ہول ہے مگر وہاں ایک نالہ بھی ہے، ایک سال میں واٹر بورڈ نے 88 ہزار مین ہول کے ڈھکن مختلف مقامات پر لگائے، ان 88 ہزار ڈھکن میں 55 سے 60 فیصد یو سی چیئرمینز کو فراہم کیے گئے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سی سی ٹی فوٹیج مکمل طور پر چیک کرکے حقائق سب کے سامنے لائیں گے، مجھے ذاتی حیثیت میں بچے کے گرنے کا بہت افسوس ہوا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب murtaza wahab نے کہا کہ امدادی کاموں کیلئے مشینری نہ دینے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، کے ڈبلیو ایس بی میں کمپین سیل 1334 موجود ہے، لوگ شکایات کرتے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کسی واقعے کو سیاسی رنگ دینا اور اشتعال دلانا ہی مسائل کے حل میں رکاوٹ بنتا ہے، کسی بھی واقعہ پر الزام تراشی اور بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔
مین ہول میں بچے کے گرنے کا واقعہ ، شہری مشتعل ، فاروق ستار گاڑی سے اترے بغیر واپس روانہ
انہوں نے کہا کہ اپنی ذمہ داری نبھانے کے ساتھ اللہ کے سامنے اور عوام کے سامنے بھی جوابدہ ہوں، جماعت اسلامی کے ایک میئر مجھ سے ملے اور کام کی تعریف کی، چیک کروں گا یوسی چیئرمین نے متعلقہ حکام کا آگاہ کیا کہ مین ہول ڈھکن نہیں ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو جو لوگ اس واقعہ میں ملوث ہیں ان تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سٹی کونسل کا اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی نعرے بازی شروع کردی، ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے سے ہی سٹی کونسل میں پلے کارڈز اور بینرز لے کر آئے تھے۔ میئر نے کہا کہ پلے کارڈز اور بینرز کے بجائے کراچی کی بہتری کے لیے سیاست کریں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ دہرا معیار اور منافقت نہیں چل سکتی، تعمیری گفتگو کریں، ہم سب کوخلوص کے ساتھ مل کر کراچی کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
