نیب خیبرپختونخوا نے کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا مالیاتی کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مزید چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
نیب ذرائع کے مطابق یہ گرفتاریاں کوہستان اور ایبٹ آباد سے عمل میں لائی گئیں جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان پرالزام ہے کہ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزمیں خوردبرد کی، جعلی ٹھیکوں اورغیر قانونی ادائیگیوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔
کوہستان کرپشن اسکینڈل: مزید 20 کروڑ روپے برآمد
نیب حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے اوردیگر ملوث افراد کے خلاف بھی گرفتاریوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد اب 32 ہو چکی ہے۔
نیب حکام نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے اس بڑے نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ قومی خزانے سے لوٹی گئی رقم واپس لائی جا سکے۔
