LIVE

ٹرمپ کا ایران سے یورینیم نکالنےکیلئے فوجی آپریشن پر غور

  • امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے ایک ہزار پاؤنڈ یورینیم نکالنے کے لیے فوجی آپریشن پر غور شروع کر دیا ہے۔
  • حکام کا کہنا ہے کہ یورینیم نکالنے کا پیچیدہ اور خطرناک مشن امریکی فورسز کو کئی دن ایران کے اندر رکھے گا، صدر ٹرمپ نے ایران سے یورینیم نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا، لیکن یہ آپشن موجود ہے۔
  • صدر ٹرمپ نے مشیروں پر زور دیا ہے کہ ایران پردباؤ ڈالیں کہ جنگ ختم کرنے کی شرط کے طور پر یورینیم حوالے کرے۔
ٹرمپ کا ایران سے یورینیم نکالنےکیلئے فوجی آپریشن پر غور
  • MON MAR 30 2026 | 12:53 PM

    صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا، سول و ملٹری قیادت شریک ہوگی، اہم فیصلے متوقع 

    صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا، سول و ملٹری قیادت شریک ہوگی، اہم فیصلے متوقع 

    صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت آج ایوان صدر میں ایک اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، عسکری قیادت اور وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال زیر غور آئے گی اور ایران، امریکا اسرائیل جنگ سے متعلق pm preاب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکا کو چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر بریفنگ دیں گے، جبکہ پیٹرولیم ذخائر اور ترسیل کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد، ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور اس حوالے سے صوبوں کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو دی جانے والی پیٹرول سبسڈی سے متعلق بھی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

  • MON MAR 30 2026 | 12:25 PM

    ایران میں شہید ہونیوالے پاکستانی نوجوان کی میت تاحال وطن نہ پہنچ سکی

    ایران میں شہید ہونیوالے پاکستانی نوجوان کی میت تاحال وطن نہ پہنچ سکی

    ایران کے شہر بندر عباس میں میزائل حملے میں شہید ہونے والے کراچی کے نوجوان یاسر خان کی میت پانچ روز گزرنے کے باوجود پاکستان منتقل نہ ہو سکی، جس پر اہل خانہ شدید کرب میں مبتلا ہیں۔

    ذرائع کے مطابق یاسر خان گزشتہ چھ ماہ سے روزگار کے سلسلے میں ایران میں مقیم تھا، 23 مارچ کی شب جب حملہ ہوا تو وہ ایک ٹگ بوٹ پر موجود تھا، اور حملے کے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یاسر چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور اس کا تین سالہ بیٹا بھی ہے۔ ان کی اچانک موت نے خاندان کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ میت کی واپسی میں تاخیر نے دکھ کو مزید بڑھا دیا ہے۔

    لواحقین کے مطابق اب تک حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے، جس کے باعث وہ خود مختلف ذرائع سے میت کی واپسی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے، جبکہ بلوچستان حکومت سے تافتان بارڈر کے ذریعے میت کی منتقلی کیلئے کہا گیا ہے، تاہم تاحال کوئی حتمی پیشرفت نہیں ہو سکی۔

    اہل خانہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وزارت خارجہ فوری مداخلت کرے اور سفارتی اقدامات کے ذریعے میت کی جلد واپسی یقینی بنائے تاکہ یاسر خان کو اپنے آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جا سکے۔

  • MON MAR 30 2026 | 11:49 AM

    اسرائیل نے مزید اسلحہ خریدنے کیلئے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا آرڈر دیدیا 

    اسرائیل نے مزید اسلحہ خریدنے کیلئے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا آرڈر دیدیا 

    اسرائیل کی وزارت دفاع نے مقامی دفاعی کمپنی، ایلبٹ سسٹمز سے 48 ملین ڈالر مالیت کے ہزاروں 155 ملی میٹر آرٹلری شیلز خریدنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ آرڈر ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد غیر ملکی اسلحہ پر انحصار کم کرنا اور ملک میں دفاعی پیداوار کو بڑھانا ہے۔ تاہم شیلز کی فراہمی کی حتمی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اسرائیل اپنی عسکری تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

  • MON MAR 30 2026 | 10:50 AM

    تبریز میں کیمیکل پلانٹ پر حملہ ، ایران نے سعودی عرب میں 700 ملین ڈالر کا جدید امریکی طیارہ تباہ کر دیا

    تبریز میں کیمیکل پلانٹ پر حملہ ، ایران نے سعودی عرب میں 700 ملین ڈالر کا جدید امریکی طیارہ تباہ کر دیا

    امریکا اور اسرائیل نے ایران میں پیٹرو کیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا۔ جبکہ ایران نے امریکا کا مہنگا طیارہ تباہ کر دیا۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ایک حملے میں تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ریسکیو اور آپریشنل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، کوئی خطرناک، زہریلا یا آلودگی پھیلانے والا مادہ خارج نہیں ہوا۔

    ایران کا 500 سے زائد امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    دوسری جانب ایران نے سعودی عرب میں امریکی ایئربیس پر میزائل اور ڈرون حملوں میں 700 ملین ڈالر کے جدید طیارے کو نشانہ بنا دیا۔

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب میں واقع ایک امریکی زیرِ استعمال ائیر بیس پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے، جس میں اہم فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایران کا اسرائیل پر کلسٹر بموں سے بڑا حملہ، کویت میں 6 امریکی بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

    پریس ٹی وی کے مطابق یہ حملہ سعودی عرب میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس پر کیا گیا، جہاں امریکی افواج بھی تعینات ہیں، حملے میں 6 بیلسٹک میزائل 29 ڈرونز استعمال کیے گئے۔

     

     

  • MON MAR 30 2026 | 10:06 AM

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل مہنگا اور سونا سستا ہو گیا

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل مہنگا اور سونا سستا ہو گیا

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، کیونکہ تیل کی قیمتوں میں تیزی نے مہنگائی کے خدشات بڑھا دیے ہیں اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات کمزور پڑ گئی ہیں۔

    اسپاٹ گولڈ 0.6 فیصد کمی کے بعد 4,466 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ ماہانہ بنیاد پر سونا 15 فیصد سے زائد گر چکا ہے، جو 2008 کے بعد سب سے بڑی کمی ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی بھی سونے کی گراوٹ کی بڑی وجہ ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث شرح سود کم کرنے کی گنجائش محدود ہو گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار اب اس سال شرح سود میں کمی کے امکانات کم دیکھ رہے ہیں۔

    دوسری جانب برینٹ کروڈ آئل 115 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا، جس کی بڑی وجہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے حملے اور مشرق وسطیٰ میں پھیلتی کشیدگی ہے۔ مارچ کے دوران تیل کی قیمتوں میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کے مطابق عام طور پر مہنگائی سونے کی طلب بڑھاتی ہے، لیکن بلند شرح سود سونے جیسے غیر منافع بخش اثاثوں کو کم پرکشش بنا دیتی ہے۔

    دیگر دھاتوں میں چاندی 1.3 فیصد سستی ہوئی، جبکہ پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

  • MON MAR 30 2026 | 09:44 AM

    عالمی مارکیٹ میں بھونچال ، تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ

    عالمی مارکیٹ میں بھونچال ، تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ

    آبنائے ہرمز نے عالمی تیل مارکیٹ میں بھونچال پیدا کر دیا جس کی وجہ سے قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

    بلومبرگ کے مطابق دنیا نے صورتحال کی سنگینی ابھی تک نہیں سمجھی۔ امریکی حکومتی عہدیداراور وال اسٹریٹ کے تجزیہ کار غورکر رہے ہیں کہ تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں، جو عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    پولینڈ کا عوام کو بڑا ریلیف، تیل اور گیس پر ٹیکس میں نمایاں کمی

    کئی ماہرین نے 1970 کی دہائی کے تیل بحران کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہرمز کی بندش سے ایشیا میں فیول کی قلت مغرب کی جانب پھیلنے کا خدشہ ہے، اور یورپ کو اگلے ہفتوں میں ڈیزل کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عالمی تیل کی سپلائی میں کمی تقریباً 11.1 ملین بیرل یومیہ ہے، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے متبادل راستوں کے ذریعے 10.9 ملین بیرل یومیہ کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

  • MON MAR 30 2026 | 08:56 AM

    پاکستان کے ذریعے ایران سے رابطے جاری ہیں، جلد ڈیل کی توقع ہے، ٹرمپ

    پاکستان کے ذریعے ایران سے رابطے جاری ہیں، جلد ڈیل کی توقع ہے، ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے اور جلد کسی معاہدے کا امکان ہے۔

    برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ دونوں سطحوں پر بات چیت کر رہا ہے اور مذاکرات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس کے بعد گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی۔

    ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا ضرورت پڑنے پر ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ جزیرے پر قبضہ کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی۔

    دوسری جانب ایئر فورس ون میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی قیادت “معقول” دکھائی دیتی ہے اور ممکن ہے کہ جلد کوئی ڈیل ہو جائے، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بات چیت ناکام بھی ہو سکتی ہے۔

    ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں “بامعنی مذاکرات” کیلئے سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے، اگر دونوں فریق راضی ہوں۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جنگ شدت اختیار کر چکی ہے اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں 140 سے زائد فضائی حملے کیے گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران اور تبریز میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکڑوں امریکی اسپیشل آپریشن فورسز بھی مشرق وسطیٰ پہنچ چکی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی دباؤ یا “ہتھیار ڈالنے” کو قبول نہیں کرے گا۔

  • SUN MAR 29 2026 | 09:54 PM

    خطے کی ترقی کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، اسحاق ڈار

    خطے کی ترقی کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم امہ کا اتحاد خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

    وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے 4 ملکی وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں ممکنہ امریکا ایران مذاکرات پر بریفنگ دی ہے۔ اس نازک صورتحال میں برادر ملکوں کے وزرائے خارجہ کی آمد پر شکرگزار ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ برادر ملکوں کے وزرائے خارجہ کی آمد ہمارے مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔ ہماری توجہ خطے کے امن و استحکام پر مرکوز ہے۔ وزرائے خارجہ کا پہلا اجلاس 19 مارچ کو ریاض میں ہوا تھا۔ اور وزرائے خارجہ نے سفارت کاری کو مکمل سپورٹ کیا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مسلم امہ کا اتحاد خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے تحت تمام ملکوں کی سلامتی اور خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں علاقائی اور عالمی امن کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

    نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ اور چین پاکستان کے تعمیری کردار کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔ پاکستان کی امن کے لیے تعمیری کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران کی آبنائے ہرمز میں پاکستان کیلئے خصوصی رعایت

    انہوں نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اور تینوں وزرائے خارجہ نے مذاکرات کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

1 2
WhatsApp