دبئی: پاکستان ٹیم نےتیسرے دن کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنا لیے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز امام الحق 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد حفیظ 17، اظہر علی 4 اور بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ پاکستان کو آسٹریلیا پر 325 رنز کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے 482 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ٹیم 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نوجوان بالر بلال آصف نے اپنی شاندار بالنگ کے ذریعے آسٹریلوی بیٹنگ کو مستقل دباؤ میں رکھا، اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 85 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ایرن فنچ نے 62 رنز بنائے۔ ان دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 142 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا تاہم باقی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد آسٹریلوی اوپنرز نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی بہتر رہی، پاکستانی اوپنر محمد حفیظ اور مڈل آرڈر بیٹسمن حارث سہیل نے سنچریاں اسکور کیں۔ حفیظ (126)، حارث سہیل (108)، اسد شفیق (80) اور امام الحق 76 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے تین اور نیتھن لیون نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی میں کھیلا جا رہا ہے اور یہ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ویں سیریز ہے۔
