اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاک فوج کی نگرانی میں کی گئی ہے۔
بیلٹ پیپرز تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران تک آج پہنچا دیے گئے ہیں، ملک بھر کے 36 حلقوں کے لیے تقریبا ایک کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کی گئی ہے۔
ریٹرننگ افسران 13 اکتوبر کوبیلٹ پیپرز پر یزائیڈنگ افسران کو فراہم کریں گے۔ قومی اسمبلی کے گیارہ اور صوبائی اسمبلیوں کے 25 حلقوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی سرکاری پرنٹنگ پریس سے رینجرز اور ایف سی کی نگرانی میں کی گئی ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے لئے گیارہ لاکھ جب کہ پنجاب اوراسلام آباد کے لئے 67 لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی گئی ہےَ
خیبرپختونخوا (کے پی) کے حلقوں کے لیے 17 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ بلوچستان اور سندھ کے بیلٹ پیپرز نیشنل سیکورٹی پرننٹنگ پریس میں چھاپے گئے ہیں۔
پنجاب اور اسلام آباد کے بیلٹ پیپرز پوسٹ فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس میں چھاپے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز پرنٹنگ پریس کارپوریشن میں چھاپے گئے ہیں۔
