اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے سلمان نعیم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی انتخاب ہارنے کی وجہ سے میرے خلاف کارروائی میں ملوث ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ‘بڑی بات’ میں میزبان عادل شاہزیب سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی میرے خلاف کام کر رہے ہیں، سعودی عرب اور ترک سفارتخانے سے میرے کاغذات نکلوا کر الیکشن کمیشن میں پیش کیے گئے ہیں، یہ کسی عام آدمی کا کام نہیں، صرف وزیر خارجہ ہی ایسا کرسکتا ہے۔
سلمان نعیم نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو میں نے نہیں عوام نے شکست دی ہے حالانکہ وہ بھی بلے کے نشان پر الیکشن لڑ رہے تھے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حلقے کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ دوبارہ انتخاب جیت کر عوام کی خدمت کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل نہیں کیا، صرف سات اگست کو جاری ہونے والے کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو منسوخ کر کے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔
سلمان نعیم نے یہ شکوہ بھی کیا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کے نوجوانوں کی عزت نہیں کرتے۔ وہ پارٹی کے وائس چیئرمین ہیں لیکن اگر ان کا یہی رویہ رہا تو پارٹی کا نظم و ضبط بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تحریک انصاف کے ایم پی اے نے کہا کہ ان کے پاس کبھی بھی دو شناختی کارڈ نہیں رہے، پارٹی قیادت کو علم ہے کہ شاہ محمود قریشی اس معاملے کے پیچھے ہیں۔
