کراچی: قومی احتساب بیورو ( نیب) سندھ کی جانب سے دائر کرپشن کے اہم مقدمات کی پیروی کرنے والے نیب کے تین اسپیشل پراسیکیوٹرز نے استعفی دے دیے۔
نیب کےاستعفی دینے والے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز میں منصف جان، یاسر مغل اور نسیم ملک شامل ہیں۔ تنیوں پراسیکیوٹرز سندھ میں کرپشن کے انتہائی ہائی پروفائل کیس میں نیب کی جانب سے پیروی کررہے تھے۔
مستعفی ہونے والے پراسیکیوٹرز شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس، فشریز، پورٹ قاسم، ایس ایس جی سی سمیت دیگر اداروں میں کرپشن کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز میں بیورو کی پیروی کررہے تھے۔
پراسیکیوٹرز کے استعفے کے بعد نیب کی جانب سے متبادل پراسیکیوٹرز تاحال مقرر نہیں کیے گئے ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق قومی احتساب بیورو اگر پراسیکیوٹرز کا فوری تقرر نہیں کرتا تو سندھ میں کرپشن کے ہائی پروفائل کیسز میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔
نیب کی جانب سے دائرمذکورہ مقدمات پہلے سے ہی کافی تاخیر کا شکار ہیں جس کے سببعدالتی کاروائی کے جلد مکمل ہونے کے امکانات کم ہیں۔
