اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) افتخار چوہدری کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے اور داماد کا ایڈن ہاؤسنگ اسکینڈ ل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے یہ بات ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹو نائٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کے ہوتے ہوئے حکومت کو اپوزیشن کی ضرورت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ حکومت کو نقصان ہوا تو ذمہ دار فواد چودھری ہوں گے۔
سابق صدرپاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر مشرف بہادر ہیں تو واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کی نااہلی اور سزا سے متعلق سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے کہا کہ مریم نواز نے جو سزا کاٹی وہ اس کی حقدار نہیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرسری نظر میں لگتا ہے کہ مریم نواز کی نااہلی ختم ہوجائے گی۔
