کوہاٹ: وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم ہندوستان کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے دورہ کوہاٹ کے موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور اگر جنگ مسلط کرنی کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والےمظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں الیکشن قریب آتے ہی مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے لیکن ہم بھارت میں امن کے خواہاں اسٹیک ہولڈرز کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔
وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے خطاب کے دوران بتایا کہ افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت اور شناختی کارڈ دینے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں رائے عامہ کے بعد ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معاملے میں عدلیہ آزاد ہے جو بھی فیصلہ ہوا اسے قبول کریں گے۔
شہریارآفریدی نے کہا کہ گزشتہ وفاقی حکومت نے کوہاٹ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، موجودہ حکومت ملک بھر میں ایسے علاقوں پر توجہ دے گی جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
