اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ کل عمران خان کو نیا لقب دیں گے کیونکہ جس کا کردار مشکوک ہو اسے ملک کا وزیراعظم منتخب نہیں کیا جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا شمار ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جو کہتے ہیں لیکن کرتے نہیں، ہماری قوم اور منتخب ممبران سے اپیل ہے ایسے شخص کو وزیراعظم منتخب نہ کریں۔
مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ یہ کرکٹ کی نہیں قوم کی نمائندگی کا معاملہ ہے اس لیے ایوان میں بھرپوراحتجاج کرنا چاہیے کیونکہ وزیراعظم کے بارے میں مشترکہ اپوزیشن اجلاس میں فیصلہ ہونا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو وزارت عظمیٰ کے لیے نون لیگ کے امیدوار کو ووٹ دینا چاہیے اور اگر پیپلز پارٹی ایسا نہیں کرتی تواس پر سوالیہ نشان ہو گا کیونکہ ہم نے ان کا ساتھ دیا جبکہ مشترکہ اپوزیشن نے بھی ایک امیدوار کو ووٹ دیا۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے اپوزیشن کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔
