واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی ایرانی جہاز ہماری ناکہ بندی کے قریب آیا تو اسے ختم کر دیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر کوئی بھی ایرانی جہاز آبنائے ہرمز پر ہماری ناکہ بندی علاقے کے ذرا بھی قریب آیا۔ تو اسے فوری طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور ایرانی بحریہ کے 158 جہاز سمندر کی تہہ میں پڑے ہیں۔ ہم نے صرف ایران کے چھوٹے جہازوں کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ ہم انہیں زیادہ بڑا خطرہ نہیں سجمھتے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بالکل اسی طرح ایرانی جہازوں کو نشانہ بنائیں گے جیسے منشیات فروشوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ ایک تیز رفتار اور بے رحم طریقہ ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کر دی ہے۔ جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا ایران جنگ، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی میں شامل ہونے سے انکار
رپورٹ کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے اہم بحری راستوں پر کنٹرول حاصل کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ تیل کی ترسیل کو محدود کیا جا سکے۔
