اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے ذریعے جنگ کے شعلے امن میں بدل گئے۔
کابینہ اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کابینہ ارکان نے تالیاں بجا کر نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے47 سال بعد ایران امریکا مذاکرات کا آغاز کرایا۔ اور پاکستان میں پہلی بار اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے۔ پاکستان نے ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ ہماری درخواست پر پاکستان آنے پر ایرانی اور امریکی صدور کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد ٹاکس میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اور پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسلام آباد آنے سے پہلے امریکا اور ایران کے درمیان 2 ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے ذریعے جنگ کے شعلے امن میں بدل گئے۔ اور ایسی عزت تاریخ میں کسی کسی کو ملتی ہے۔ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات 21 گھنٹے تک جاری رہے۔ جبکہ پہلی بار امریکا اور ایران نے آمنے سامنے بیٹھ کر مذاکرات کیے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دنیا بھر کی نظریں اسلام آباد پر تھیں۔ اور پاکستان کو امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا موقع ملا۔ جاپان اور دیگر ممالک کے سربراہان کے فون آئے اور انہوں نے پاکستان کو سراہا۔ جبکہ امریکا اور ایران نے بھی پاکستان کی میزبانی کو سراہا۔ یہ تاریخی لمحہ وطن عزیز کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد ٹاکس کے ذریعے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے کا موقع ملا۔ اور دنیا کی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو عالمی معاہدوں کے لیے طویل عرصہ لگا۔ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے وفود پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا 19 اپریل کو بڑے جلسے کا اعلان
انہوں ںے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے اس کے لیے دن رات محنت کی۔ اور ہماری پرخلوص کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ابھی جنگ بندی جاری ہے۔ کئی مواقع پر امید ٹوٹتی اور پھر جاگتی رہی۔
