پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 19 اپریل کو مردان میں عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر 10 دن کے اندر جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ جو 19 اپریل سہ پہر 3 بجے مردان ریلوے گراؤنڈ میں ہو گا۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے۔ اور پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ گزشتہ کئی برسوں سے ظلم و زیادتی جاری ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود یہ ثابت کیا جائے گا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ جبکہ 19 اپریل کا جلسہ دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود عوامی حمایت رکھتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے الزام عائد کیا کہ مخالفین، خصوصاً سوشل میڈیا پر سرگرم عناصر، جلسے کو ناکام بنانے کے لیے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے بائیک سبسڈی منصوبے میں بڑی پیشرفت
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے عمران خان سے اظہار یکجہتی کریں۔
