کمپالا: افریقی ملک یوگنڈا کے صدر کے صاحبزادے اور فوج کے سربراہ جنرل مہوزی کائنرو گابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے خوبصورت ترین خاتون فراہم کرنے کا غیر معمولی مطالبہ کر کے عالمی سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوگنڈا فوج کے سربراہ جنرل مہوزی نے خبردار کیا کہ اگر ترکیہ نے 30 دن کے اندر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو یوگنڈا سفارتی تعلقات ختم کر سکتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ترکیہ صومالیہ میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے منصوبوں سے بھاری منافع کما رہا ہے۔ جبکہ ان منصوبوں کی سیکیورٹی یوگنڈا کی فوج فراہم کر رہی ہے۔
جنرل مہوزی نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے یوگنڈا کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا گیا۔ اس لیے ترکیہ کو مالی معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ایک غیر معمولی شرط بھی رکھی کہ ترکیہ انہیں شادی کے لیے دلہن فراہم کرے۔ بصورت دیگر نتائج کے لیے تیار رہے۔ جبکہ یوگنڈا کے شہریوں کو ترکیہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
واضح رہے کہ جنرل مہوزی اپنے متنازع بیانات کے باعث پہلے بھی خبروں میں رہ چکے ہیں۔ اور ماضی میں اسرائیل کی حمایت اور امریکا سے مالی مطالبات جیسے بیانات دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کریک ڈاؤن، ایران میں جاسوسی کے الزام میں 50 افراد گرفتار
مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا کی افواج گزشتہ دو دہائیوں سے صومالیہ میں شدت پسند گروپ الشباب کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ اور حالیہ بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
