زیورخ: عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ایران کی جانب سے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے میچز امریکا سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ جس کے بعد ایران کی شرکت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی درخواست پر فیفا نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول، مقامات اور انتظامات پہلے سے طے شدہ ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین بام نے بھی تصدیق کی ہے کہ میچز منصوبہ بندی کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔ جبکہ فیفا نے لاجسٹک، کمرشل معاہدوں، ٹکٹنگ اور براڈکاسٹ شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست مسترد کی۔
واضح رہے کہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے گروپ میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
ایران نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں امریکا میں کھیلنا محفوظ نہیں۔ جبکہ امریکی قیادت بھی سیکیورٹی معاملات پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوان تھشارا نے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے معافی مانگ لی
واضح رہے کہ 2026 فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ جبکہ ایران کو اپنے گروپ میچز امریکا میں کھیلنا ہیں۔
