سیہون شریف میں حضرت قلندر لعل شہباز کے مزار کی نذرانہ پیٹیاں 8 ماہ اور 14 دن کے طویل عرصے کے بعد کھول دی گئی ہیں۔
چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف، مختیار ابڑو کے مطابق چار روز تک جاری رہنے والے گنتی کے عمل کے بعد مجموعی طور پر 2 کروڑ 38 لاکھ 78 ہزار 750 روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
محکمہ اوقاف کے حکام کی نگرانی میں گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ رقم نیشنل بینک میں جمع کرا دی گئی ہے۔
نقدی کے علاوہ نذرانہ پیٹیوں سے بڑی مقدار میں سونا، چاندی اور غیر ملکی کرنسی بھی نکلی ہے۔ تاہم، سونے اور چاندی کے وزن اور جانچ کا عمل فی الحال مستقبل کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے اور اسے عارضی طور پر محفوظ لاکر میں رکھ دیا گیا ہے۔
مختیار ابڑو نے مزید بتایا کہ مقررہ وقت ختم ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ نذرانہ دوبارہ پیٹیوں میں بطور امانت محفوظ کر دیا گیا ہے، جسے اگلے مرحلے میں نکالا جائے گا۔
