امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ اسلام آباد کے لیے استعمال ہونے والے طیارے کے کال سائن ‘SAM095’ رکھا گیا ہے۔
جے ڈی وینس اپنے مخصوص سی 32 اے (C-32A) طیارے میں پاکستان پہنچ رہے ہیں، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پرواز کے لیے روایتی کال سائن ‘ایئر فورس ٹو’ کے بجائے ‘SAM095’ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
تکنیکی طور پر جب امریکی نائب صدر خود طیارے میں سوار ہوں تو اسے ‘ایئر فورس ٹو’ کہا جاتا ہے، لیکن ‘SAM095’ کا استعمال اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ایک خصوصی فضائی مشن (Special Air Mission) ہے۔
اس کال سائن کا استعمال عموماً اس وقت کیا جاتا ہے جب طیارے میں نائب صدر کے ہمراہ کابینہ کے ارکان، سینیٹرز یا اعلیٰ سطح کے فوجی حکام شامل ہوں اور مشن کی نوعیت انتہائی حساس یا مخصوص ہو۔
اس مشن میں ‘095’ ایک مخصوص نمبر ہے جو اس فلائٹ کے آپریشنل پلان کو تفویض کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق، کال سائن کی یہ تبدیلی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ دورہ محض ایک رسمی دورہ نہیں بلکہ ایک وسیع تر سرکاری ٹرانسپورٹ مشن ہے جس میں اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ایران کے ساتھ ہونے والے تاریخی مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔
