روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ اتفاقِ رائے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایک بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ روس اس تباہ کن جنگ کے ابتدائی دنوں سے ہی جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دیتا رہا ہے۔
ماریا زاخارووا نے اپنے بیان میں پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں اسلام آباد کا مثبت اور تعمیری ثالثی کردار خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ روس نے اس تنازع کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر مستقل مزاجی کے ساتھ کوششیں کی ہیں تاکہ خطے میں انسانی جانوں کے زیاں کو روکا جا سکے۔
روسی ترجمان نے مزید کہا کہ تنازع کے پائیدار حل کے لیے ابھی مزید ٹھوس مذاکرات کی ضرورت ہے، جو خطے کی تمام ریاستوں کے جائز حقوق اور مفادات کے احترام کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد ایسے حالات پیدا کرنا ہونا چاہیے جو مستقبل میں اس نوعیت کے انسان ساختہ اور بلااشتعال فوجی بحرانوں کا راستہ روک سکیں۔ روس نے ان اہداف کے حصول کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
