پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے پانچ روزہ مفت سفری سہولت کے دوران رائڈر شپ کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ان پانچ دنوں میں مجموعی طور پر تقریباً 60 لاکھ مسافروں نے مختلف میٹرو بس اور ٹرین سروسز میں مفت سفر کیا۔
رپورٹ کے مطابق 4 اپریل سے 8 اپریل تک مجموعی طور پر 47 لاکھ 96 ہزار سے زائد مسافر رجسٹرڈ ہوئے، جبکہ صرف 8 اپریل کو ایک ہی دن میں ریکارڈ 11 لاکھ 40 ہزار افراد نے سفر کیا۔
اورنج لائن ٹرین 15 لاکھ 26 ہزار مسافروں کے ساتھ سرِفہرست رہی، جبکہ لاہور میٹرو بس سے ساڑھے 8 لاکھ اور پاکستان میٹرو بس سروس (راولپنڈی اسلام آباد) سے تقریباً 8 لاکھ مسافروں نے فائدہ اٹھایا۔
اس کے علاوہ ملتان میٹرو بس، سپیڈو بسز اور الیکٹرک بسوں میں بھی مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے غیر معمولی رش کے پیش نظر افسران کو مسافروں کی سہولت کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور سفری سہولیات میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اسی مقصد کے لیے ملتان میں 35، سیالکوٹ میں 30 اور گوجرانوالہ میں مزید 35 اضافی بسیں مفت سروس کے لیے سڑکوں پر لائی گئی ہیں تاکہ عوامی نقل و حمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
