اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے مابین تاریخی مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر آمد و رفت کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق ریڈ زون اور اس کے ملحقہ راستوں کو ہر قسم کی عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جہاں صرف سرکاری گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے ریڈ زون اور اس کے اطراف غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ وفود کی نقل و حرکت کے باعث ایکسپریس ہائی وے پر بھی مختلف مقامات پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی، جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنے معمول کے سفر کے لیے اضافی وقت رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج رات اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے، جن کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ امریکی وفد کے 23 ارکان اور سیکیورٹی ماہرین پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج رات گئے وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکراتی ٹیم ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ایرانی وفد سے اہم بات چیت کرے گی۔
مکمل ٹریف پلان
واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 9 اور 10 اپریل کے لیے ایک جامع ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کیا تھا جس کے کے تحت شہر میں دو دنوں کے لیے ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
پلان میں کہا گیا کہ پشاور اور لاہور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ اور فتح جنگ موٹر وے جیسے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ شہری علاقوں میں فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ زیرو پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
مری روڈ اور صدر راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو 9th ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے حضرات کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اسی طرح کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد آنے والوں کو 9th ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دنوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے متبادل راستوں کی معلومات حاصل کر لیں۔
