کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فروری 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر ہوگا۔ تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس اضافے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
صارفین سے یہ اضافی رقم اپریل 2026 کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیپرا نے فروری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے اب جاری کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی کی قیمت میں 1 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اب فروری کی ایڈجسٹمنٹ نے صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔
