واشنگٹن، امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف “آپریشن ایپک فیوری” میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، جس کے نتیجے میں ایران کا دفاعی و عسکری ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی قیادت میں وہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جو اس سے قبل کسی امریکی صدر کو حاصل نہیں ہوئیں۔
پیٹ ہیگستھ کے مطابق امریکا نے منگل کی رات ایران کے خلاف 800 حملے کیے، جن میں اسلحہ ساز فیکٹریوں، میزائل پروگرام اور دفاعی صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام عملی طور پر ختم ہو چکا ہے جبکہ سینکڑوں میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیے گئے۔
ایران کو اسلحہ دینے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف عائد ہوگا، ٹرمپ
امریکی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں ایران کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت، بشمول پاسداران انقلاب اور فوجی کمانڈرز، ختم کردیئے گئے جبکہ نیا سپریم لیڈر بھی زخمی ہے، 14 گھنٹے کے جرات مندانہ آپریشن کے دوران دو امریکی پائلٹس کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 40 دن سے بھی کم عرصے میں دنیا کی بڑی افواج میں سے ایک کو شکست دی گئی اور اب ایرانی قیادت نے بھی جنگ بندی پرآمادگی ظاہر کر دی ہے، اگرچہ امریکی افواج کا زمینی کردارمکمل ہوچکا ہے تاہم وہ ہروقت تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس جنگ میں امریکا کے 13 اہلکار ہلاک ہوئے تاہم صدر ٹرمپ نے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دکھایا۔ ان کے بقول اب خطے میں حقیقی امن کا ایک نیا موقع پیدا ہو چکا ہے۔
