تمیم اقبال(Tamim Iqbal) کو بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے سابق صدرامین السلام ( Aminul Islam )کی سربراہی میں قائم بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کردیا ہے۔
کرک انفو کے مطابق یہ فیصلہ پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا، جس نے گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والے بی سی بی انتخابات میں بے ضابطگیوں اور قواعد کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی تھی۔
پاک بنگلا دیش ون ڈے سیریز،نیا تنازع سامنے آگیا
حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 37 سالہ تمیم اقبال بی سی بی کی تاریخ کے کم عمر ترین صدر ہیں۔ ان کی قیادت میں 11 رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سابق کپتان منہاج العابدین( Minhajul Abedin) اور معروف کرکٹر و مبصر اطہر علی خان(Athar Ali Khan )بھی شامل ہیں۔ دیگر اراکین میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔
قومی اسپورٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمد امین الاحسان( Mohammed Aminul Ahesan) نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹ کے جائزے کے بعد یہ واضح ہوا کہ انتخابی عمل میں سنگین کمزوریاں اور بے ضابطگیاں موجود تھیں، جس کے باعث منتخب بورڈ کو تحلیل کرنا ناگزیر ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ ایڈہاک کمیٹی آئندہ تین ماہ کے اندر نئے شفاف انتخابات کروانے کی پابند ہوگی، جبکہ اس دوران وہ مکمل اختیارات کے ساتھ کرکٹ کے امور چلائے گی۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان بنگلا دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب
حکام کے مطابق یہ اقدام نیشنل اسپورٹس کونسل ایکٹ 2018 کے سیکشن 21 کے تحت کیا گیا، جو حکومت کو مخصوص حالات میں کسی بھی اسپورٹس باڈی کی ایگزیکٹو کمیٹی تحلیل کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
دوسری جانب، سابق صدر امین الحق اسلام نے اس سے قبل عہدہ نہ چھوڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، تاہم بورڈ میں اندرونی بحران شدت اختیار کرگیا تھا۔ رواں سال جنوری سے اب تک چھ ڈائریکٹرز مستعفی ہوچکے ہیں، جس سے انتظامی مسائل مزید بڑھ گئے تھے۔
یاد رہے کہ تمیم اقبال بنگلا دیش کے مایہ ناز کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے 391 بین الاقوامی میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔ وہ 2025 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کا کیریئر اچانک ختم ہوگیا تھا۔
