سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اور پنجاب کے لیے مزید پنشن فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملک میں پنشن اصلاحات کے عمل کو تقویت ملے گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق بلوچستان حکومت کے لیے مزید 8 پنشن فنڈز کی منظوری دی گئی ہے، جس کے بعد صوبے میں منظور شدہ فنڈز کی مجموعی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کے لیے ایک اور پنشن فنڈ کی منظوری دی گئی ہے، جس سے وہاں مجموعی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں کنٹری بیوشن پنشن نظام کا عملی نفاذ شروع ہو چکا ہے، جبکہ دیگر سرکاری اداروں میں بھی اس نظام کو بتدریج لاگو کیا جا رہا ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے حکومت کے طویل المدتی پنشن واجبات میں کمی آئے گی، جبکہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت زیادہ مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
مزید بتایا گیا کہ ان پنشن فنڈز کا انتظام پیشہ ورانہ بنیادوں پر نجی ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں سنبھال رہی ہیں، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے۔
