وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کو جدید تقاضوں کے مطابق کیپٹل اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فیز ٹو کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سیف سٹی فیز ٹو پر جاری تمام کام 30 مئی تک مکمل کیا جائے، جبکہ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 20 مئی تک کام مکمل کر کے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپگریڈ کیا جائے گا، جبکہ پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے نظام کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر لایا جائے گا تاکہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید اور مؤثر نظام قائم کیا جا سکے۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے سیف سٹی پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کی تنصیب جاری ہے۔
پیٹرولیم سبسڈی پر عملدرآمد تیز، مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم
وزیر داخلہ نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کو ایک محفوظ اور اسمارٹ شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
