محکمہ موسمیات نےکل سے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
بلوچستان میں کل شام سے صوبے کے مغربی اضلاع میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل سےخیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے نئے سلسلے کے شروع ہونےکی پیشگوئی کر دی ہے، خیبرپختونخوا میں 6 سے 9 اپریل کے دوران پشاور، سوات، چترال اور دیگر اضلاع میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، مری، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 6 اپریل کی رات سے بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ آٹھ اپریل تک جاری رہنے کی توقع ہے، مری میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے، ٹھنڈی اورتیزہواؤں سےسردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، مری میں بادلوں اوردھوپ کاآنکھ مچولی کاسلسلہ جاری ہے۔
مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
