پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار ایسٹر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو اس خوشی کے تہوار کی روایتی مسرتیں مبارک ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پورے ملک اور دنیا کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی کشیدگی کے حالات میں تمام مذاہب کی امن، رواداری اور بھائی چارے کی تعلیمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر دیگر مذہبی تہواروں کی طرح پوری انسانیت کے لیے محبت، امید اور نئے آغاز کا پیغام لے کر آتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسیحی برادری ملک کے مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان کی ضمانت کے تحت یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ملکی ترقی، فلاحی ریاست کے قیام اور قومی اتحاد کی بنیاد ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ اقدار محض نظریاتی نہیں بلکہ عملی زندگی میں نظر آتی ہیں، مسیحی مرد و خواتین ہمارے اسکولوں، ہسپتالوں، سرکاری خدمات اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید کر دی
انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی خاندان اس دن کو عبادت اور باہمی میل جول کے ذریعے مناتے ہیں،ان کی خدمات ہمارے معاشرے کے معمول کے نظام کا حصہ ہیں اور یہ اعتراف اور احترام کی مستحق ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان میں تمام برادریاں ان حقوق سے مکمل طور پر مستفید ہوں، حکومت اقلیتی برادریوں کی جان، مال، عزت اور سلامتی کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
